فخر کے 76 رنز رائیگاں!شان مسعود اور محمد رضوان کی نصف سنچریاں! خوشدل شاہ نے آخری اوور میں 4 بالز پر 18 رنز بناکر لاہور قلندرز کے ارمانوں پر پانی پھیردیا – Urdu khabar

فخر کے 76 رنز رائیگاں!شان مسعود اور محمد رضوان کی نصف سنچریاں….! خوشدل شاہ نے آخری اوور میں 4 بالز پر 18 رنز بناکر لاہور قلندرز کے ارمانوں پر پانی پھیردیا –

 

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن سیون کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنا مسلسل دوسرا میچ بھی جیت لیا۔ ملتان سلطانز کے اوپنرز محمد رضوان اور شان مسعود کے درمیان 150 رنز کی پارٹنرشپ میچ کا میں فرق ثابت ہوئی۔

شان مسعود شاندار 83 اور کپتان محمد رضوان 69 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ ان کے ساتھ ہی 5 رنز بنانے والے ریلی روسو بھی پویلین لوٹ گئے۔ میچ کو وننگ لائن تک پہنچانے میں صہیب مقصود نے 20 رنز کا کردار نبھایا لیکن وہ بھی 16 رنز قبل آؤٹ ہوگئے۔

جب آخری اوور میں ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 16 رنز درکار تھے تو ایسے میں خوشدل شاہ نے 3 مسلسل چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ٹیم کو اعصاب شکن مقابلے میں فتح دلوادی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین آفریدی 3 وکٹیں لے کر نمایا رہے جبکہ حارث رؤف اور راشد خان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

لاہور قلندرز کی بیٹنگ:

لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے تھے۔

قلندرز کی جانب سے فخر زمان نے دھواں دھار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 76 رنز کی اننگز کھیلی ——-جبکہ کامران غلام 43 اور محمد حفیظ نے 16رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اننگز کے اختتامی لمحات میں راشد خان نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 گیندوں پر 17رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کی طرف سے عمران طاہر، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ویلے، شاہنواز ڈاہانی اور احسان اللّٰہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹاس:

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اس موقع پر لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ میچ کا کوئی دباؤ نہیں ہے، ہماری بولنگ کافی اچھی ہے۔

ملتان سلطانز:

ملتان سلطانز کی ٹیم میں محمد رضوان (کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسو، خوشدل شاہ، ٹم ڈیوڈ، ڈیوڈ ویلے، عمران طاہر، عمران خان، شاہنواز دھانی اور احسان اللّٰہ شامل ہیں۔

لاہور قلندرز:

لاہور کی ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، فخر زمان، عبداللّٰہ شفیق، محمد حفیظ، کامران غلام، بین ڈنک، سمیت پٹیل، ڈیوڈ ویسا، راشد خان، حارث رؤف اور زمان خان شامل ہیں۔

خیال رہے کہ ایونٹ کے ابتدائی میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

27 جنوری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل کا فائنل 27 فروری کو کھیلا جائے گا، ایونٹ میں ملتان سلطانز اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں