بجلی و گیس استعمال کرتے وقت اٹلی والے ہوجائیں ہوشیار، قیمتوں میں بڑا اضافہ ہے تیار – Ehsas News

بجلی و گیس استعمال کرتے وقت اٹلی والے ہوجائیں ہوشیار، قیمتوں میں بڑا اضافہ ہے تیار – Ehsas News

روم: اٹلی والے ہوجائیں ہوشیار، بجلی اور گیس استعمال کرتے وقت جیب کا رکھیں خیال، گیس اور بجلی کی قیمتیں آؤٹ آف کنٹرول ہونے والی ہیں، اس حوالے سے جیب پر بہت بھاری پڑنے والی رپورٹ سامنے آگئی ہے، اطالوی تھنک ٹینک نے اس کی وجوہات بھی گنوادی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دنیا میں جاری مہنگائی کی لہر بالخصوص تیل او ر گیس کی ریکارڈ قیمتوں کی وجہ سے اٹلی میں بھی تیل اور گیس پہلے ہی کافی مہنگے ہوچکے ہیں، تاہم اب معاشی تھنک ٹینک Nomisma نے ان قیمتوں میں مزید ہوشربا اضافے کی پیش گوئی کردی ہے، جس سے گھریلو بجٹ بہت متاثر ہونے کا خدشہ ہے، تھنک ٹینک کے صدر Davide Tabarelli نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے سبسڈی میں اضافہ نہ کیا تو اگلے ماہ جنوری سے گیس 50 فیصد اور بجلی نرخوں میں 25 فیصد تک اضافہ ہوجائےگا، واضح رہے کہ اس اضافے سے بالخصوص گیس بل بہت بڑھ سکتے ہیں، کیوں کہ سردیوں میں لوگ گھروں کو گرم رکھنے کے لئے گیس ہیٹر ز کا بہت استعمال کرتے ہیں، انہوں نے سرکاری خبر ایجنسی ’’انسا‘‘ کو بتایا کہ گیس قیمت کا تعین ہر تین ماہ بعد کیا جاتا ہے، لیکن گزشتہ دس برسوں میں قیمت میں استحکام رہا ، لیکن رواں برس کے وسط سے قیمتوں میں اضافے کا جوسلسلہ عالمی منڈی میں شروع ہوا ہے، وہ رکنے کا نام نہیں لے رہا، انہوں نے بتایا کہ اکتوبر سے دسمبر کے دوران گیس ٹیرف95 سینٹ فی کیوبک میٹر تھا، جو عالمی منڈی میں گیس مہنگی ہونے کے بعد جنوری سے مارچ کے دوران 50 فیصد اضافے کے ساتھ ایک یورو 40 سینٹ فی کیونک میٹر ہوسکتی ہے۔

اسی طرح بجلی کی بڑی مقدار بھی چوں کہ میتھین گیس سے بنتی ہے، اور اس کی اکتوبر میں بھی قیمت 30 فیصد بڑھی تھی، لیکن جنوری سے اس میں مزید 25 فیصد تک اضافہ نظر آرہا ہے، ماضی میں 40 سے 50 یورو میگاواٹ والی بجلی اب ڈھائی سو سے تین سو یورو تک پہنچ گئی ہے، اطالوی ماہر نے بتایا کہ ایسے میں حکومت کی جانب سے تین ارب یورو کی سبسڈی سے کچھ زیادہ فرق نہیں پڑے گا ، عوام کومہنگائی کے اس بڑے وار س بچانے کے لئے کم ازکم 10 ارب یورو کی ضرورت ہوگی، ورنہ اگلے سال ایک عام فیملی کے بجلی و گیس بل سالانہ 3368 یورو یعنی ماہانہ 280 یورو تک پہنچ سکتے ہیں، اور یہ ایک سال میں بلوں میں 1227 یورو کا اضافہ ہوگا۔

وجہ کیا ہے؟

اطالوی تھنک ٹینک سربراہ کے مطابق گیس مہنگی ہونے کی وجہ روس کی جانب سے یورپ کو فراہم کی جانے والی گیس میں کمی ہے، جو وہ جرمنی تک بچھائی جانے والی نئی نارتھ اسٹریم پائپ لائن کو لائسنس دلوانے کے لئے کررہا ہے، اس کے علاوہ کرونا وبا کے بعد پیدوار کی بحالی، چین کی طرف سے گیس کی بڑھتی طلب اور توانائی کمپنیوں کی طرف سے گیس میں سرمایہ کاری کم کرنا بھی وجہ ہے، اس کے ساتھ افواہ سازبھی مارکیٹ میں کھیل رہے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں