پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کے لیے 2021ء ایک ناقابل فراموش سال رہا ہے کیونکہ انہوں نے سال بھر اپنی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک کے بعد ایک ریکارڈ اپنے نام کیا۔

ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد محمد رضوان نے ایک کیلنڈر سال میں جیتنے والے سب سے زیادہ پلیئر آف دی سیریز ایوارڈز کا ریکارڈ برابر کیا جو 1998ء میں اب تک کے عظیم ترین بلے بازوں میں سے ایک سچن ٹنڈولکر نے قائم کیا تھا۔

محمد رضوان نے 2021ء میں سیریز کے 5 پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈز اپنے نام کیے، انہوں نے ان میں سے 4 ایوارڈز ٹی ٹونٹی کرکٹ میں جیتے جب کہ ایک ٹیسٹ کرکٹ میں حاصل کیا، ان میں سے 3 ایوارڈز ہوم سیریز اور 2 اوے سیریز میں جیتے تھے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی تین میچوں کی ٹی ٹونٹی ہوم سیریز میں رضوان نے 67 کی اوسط سے 203 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کے دورے میں تین میچوں کی T20I سیریز میں انہوں نے 30 کی اوسط سے 90 رنز بنائے۔ پاکستان کے دورہ زمبابوے کے دوران رضوان نے تین میچوں کی T20I سیریز میں 62 کی اوسط سے 186 رنز بنا کر یہ اعزاز حاصل کیا۔

جنوبی افریقہ کے دورہ پاکستان کے دوران انہوں نے تین میچوں کی T20I سیریز میں 65 کی اوسط سے 197 رنز بنائے اور دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے دوران تین اننگز میں 55 کی اوسط سے 166 رنز بنائے۔ انہیں دونوں فارمیٹس میں سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

CRICKET UPDATE